ضم شدہ قبائلی اضلاع کی آواز

ضم شدہ قبائلی اضلاع کے لئے خیبر پختونخواہ کے میڈیکل کالجوں میں کوٹہ دگنا

پاکستان میڈیکل کمیشن نے قبائلی اضلاع کے طلباء کے لئے خیبر پختونخوا کے 12 میڈیکل کالجز میں مختص 136 سیٹس کی تعداد بڑھا کر 240 کر دی ہے۔

پاکستان کے ضم شدہ قبائلی اضلاع کے طلباء کے لئے خیبر پختونخواہ کے میڈیکل کالجوں میں داخلے کی نشستوں کا کوٹہ دگنا کر دیا گیا ہے۔ خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ضیاء الحق نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان میڈیکل کمیشن کے جاری کردہ خط / نوٹیفیکیشن کے مطابق مقررہ نشستوں کے بڑھا دیا جائے گا جن میں آرمی پبلک سکول پشاور کے طلباء کے لئے بھی دو نشستیں مقرر کی گئی ہیں۔

"ہمیں لیٹر موصول ہوا ہے پاکستان میڈیکل کمیشن کی طرف سے کہ ہم (پہلے سے مقررہ) 136 سیٹوں کو بڑھا سکتے ہیں اور 104 مزید سیٹوں (کوٹہ) کی اجازت دی گئی ہے،” وائس چانسلر نے کہا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میڈیکل کمیشن کو قبائلی اضلاع کے طلباء کے لئے مقررہ سیٹس کو بڑھانے کے لئے ایک مراسلہ لکھا تھا، جس پر کمیشن نے عمل درآمد کیا ہے۔

ڈاکٹر ضیاء الحق نے کہا کہ دو سیٹس آرمی پبلک سکول پشاور کے طلباء کے لئے مختص کی گئی ہیں۔ "باقی 102 سیٹوں کے لئے ہم محکمہ صحت کے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں کہ ان کو ہم کیسے تقسیم کریں۔” ان کا مزید کہنا تھا کہ اکثر قابل طلباء نشستوں میں کمی کی وجہ سے میڈیکل کالجز میں داخلے سے محروم رہ جاتے تھے۔

اس فیصلے کے بعد قبائلی طلباء کے لئےخیبر پختونخوا کے 12 میڈیکل کالجوں میں مختص 136 نشستوں کو بڑھا کر 240 کر دیا گیا جبکہ 2 خصوصی نشستیں اے پی ایس کے طلباء کے لئے ہوں گی۔ اس فیصلے کا اطلاق رواں سال سے ہی ہوگا۔

مزید پڑھیں
جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.