جنوبی وزیرستان میں پہلی بار پاکستان کے دوسرے علاقوں سے ٹورزم سے وابستہ افراد پیشہ ورانہ طور پر دورہ کرنے آگئے۔ ہنزہ سے تعلق رکھنے والے پروفیشنل سائیکلسٹ عابد بیگ پہلی عوامی شخصیت ہے جو نجی طور پر یہاں سائیکلنگ کرنے آگئے۔
انہوں نے وانا آکر سائیکلنگ کی اور گرد و نواح کے خوبصورت علاقوں میں سیر و تفریح کے لئے بھی گئے۔ وہ وانا کے لوگوں کی مہمان نوازی سے بہت متاثر ہوئے اور خواہش کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی جنوبی وزیرستان آنا چاہے گا۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جنوبی وزیرستان میں سیر و تفریح کے لئے نہایت خوبصورت مقامات اور قدرتی مناظر موجود ہیں لیکن تا حال ملک کے دوسرے علاقوں کے سیاحوں سے یہ علاقے اور یہ مناظر محروم ہیں۔
سائیکلسٹ عابد بیگ نے ٹرائبل پوسٹ کو بتایا کہ جنوبی وزیرستان آنے کے لئے لوگوں کے ذہنوں میں کافی خدشات موجود ہیں۔ سچ کہوں تو دوسرے لوگوں کی طرح میں بھی یہاں آنے کے لئے ہچکچا رہا تھا۔ لیکن اب یہاں آکر یہاں کے لوگوں نے جو عزت دی، بہت خوشی ہوئی۔”
عابد بیگ کے مطابق ان کے ساتھ ان کے دوسرے ساتھی آنے کو تیار نہیں تھے لیکن انہوں نے ارادہ کر لیا کہ کسی تو پہلا قدم اٹھانا ہوگا، اور بالآخر یہ کام انہوں نے کر دکھایا۔
عابد بیگ کا وانا کے لوگوں نے مختلف مقامات پر پرتپاک استقبال کیا اور ان کو وہاں کی روایتی مہمان نوازی سے خوش آمدید کہا۔ "یہاں کے لوگ بہت محب وطن اور مہمان نواز ہیں اور مجھے بہت فخر محسوس ہوا ان پر،” عابد بیگ نے کہا۔
جنوبی وزیرستان میں ٹورزم کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اگر ٹورزم کی بہتری پر توجہ دی گئی تو یہاں قدرتی خوبصورتی کی کوئی کمی نہیں۔ لوگ دور دراز سے دیکھنے کو آئیں گے۔
"میں یہاں سے بہت عمدہ تجربات اور یادیں لیکر جا رہا ہوں۔ واپس جا کر اپنے ساتھیوں سے یہ سارے خوشگوار لمحات شئیر کروں گا،” عابد بیگ نے مزید کہا؛ "میں دوسرے سیاحوں سے بھی یہی کہوں گا کہ جنوبی وزیرستان آ کر یہاں کی مہمان نوازی اور قدرتی خوبصورتی سے محظوظ ہو۔”